وفاقی حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل اور فرنس آئل کے استعمال پر ڈھائی روپے فی لیٹر کاربن لیوی عائد کرنے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں اور پاور سیکٹر میں فرنس آئل کے استعمال یکساں ڈھائی روپے فی لیٹر کاربن لیوی عائد کرنے کی تجویز دی ہے جسے آئندہ سال بڑھا کر 5 روپے فی لیٹر کیا جائے گا۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق حکومت کو کاربن لیوی کی مد میں آئندہ مالی سال 10 ارب روپے کی وصولیاں ہوں گی جو پیٹرولیم مصنوعات پر پہلے سے عائد لیوی کی مد میں کی جانے والی 1468 ارب روپے کی لیوی کے علاؤہ ہیں۔
صارفین کے مطابق ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیاں عوام کی قوت خرید سے باہر ہیں جبکہ ملک میں کہیں بھی چارجنگ کا انفرااسٹرکچر موجود نہیں اور بجلی نایاب و مہنگی ہے ایسی صورت میں کاربن لیوی کا نفاذ عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے۔
صارفین نے کہا کہ حکومت پہلے بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کو عوام کی قوت خرید میں لائے اور چارجنگ انفرا اسٹرکچر مہیا کرے اس سے قبل ماحولیاتی تحفظ کے نام پر عوام پر اضافی ٹیکسوں کا بوجھ نہ ڈالا جائے۔