افغانستان کی طالبان حکومت نے کہا ہے محرم الحرام کے دوران اہل تشیع آزادی کے ساتھ اپنے مذہبی مراسم ادا کریں، فورسز ان کی تمام مذہبی سرگرمیوں کو تحفظ فراہم کریں گی۔
طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے عاشورہ محرم کے حوالے سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ عاشورہ محرم کے حوالے سے افغان اہل تشیع شہریوں کی جانب سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ امارت اسلامیہ افغانستان کے سیکیورٹی اداروں نے ان تقریبات کے لیے مکمل حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
دنیا میں شدید گرمی کی لہر: آخر وجہ کیا ہے؟
ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ اہل تشیع شہری آزادی کے ساتھ اپنے مذہبی مراسم ادا کریں۔ شیعہ آبادی کے رہائشی علاقوں میں واقع تمام عبادتگاہوں میں جلسے اور تقاریب اہل تشیع آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی طریقے سے منعقد کر سکیں گے، البتہ بہتر حفاظتی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے بعض جگہوں پر بڑے اجتماعات کو محدود کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض مقامات پر اجتماعات محدود کرنے کے سلسلے میں شیعہ علماء کی رائے بھی لی گئی ہے اور ان کی درخواست کے مطابق ہی اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے بعض ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی اطلاعات اور خدشات درست نہیں ہیں، امارت اسلامیہ تمام مذہبی گروہوں کی حمایت کرتی ہے اور انہیں عبادات اور ان کی تقریبات کی آزادی دینے پر یقین رکھتی ہے۔