پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما تاج حیدر کی رہائش گاہ پر 3 ماہ میں چوتھی بار چوری کی واردات ہوئی جبکہ واردات کا مقدمہ علاقہ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔
سینئر رہنما تاج حیدر کے مطابق گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے اجلاس سے واپسی پر پورے گھر کا سامان ادھر ادھر پھیلا ہوا دیکھا جس سے پریشانی ہوئی جبکہ گھر میں کوئی خاص چیز موجود نہیں تھی۔
یہ بھی پڑھیں: نامعلوم ملزمان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کے گھر چوری کی واردات کے بعد فرار
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ چور میر ے گھر میں موجود کپڑوں کو پھیلا کر چلے گئے جبکہ گھر میں کوئی اہم چیز نہ ہونے کے باعث کوئی سامان، نقدی یا زیور وغیرہ چوری نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی میرے گھر میں 9 تاریخ کو جرائم پیشہ افراد چوری کی نیت سے داخل ہوئے تھے جس کی اطلاع دینے پر گزری تھانے کے پولیس افسران نے یقین دلایا تھا کہ مجرموں کے خلاف تمام ممکنہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واقعے کی ایف آئی آر کے متن کے مطابق تاج حیدر اور ان کی اہلیہ صبح 9 بجے گھر کو لاک کرنے کے بعد نکل گئے اور جب رات 11 بجے کے وقت دونوں میاں بیوی گھر پہنچے تو گھر کی کنڈی ٹوٹی ہوئی تھی اور نامعلوم افراد نے گھر کا سارا سامان ادھر ادھر بکھیر دیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق تاج حیدر نے پولیس سے درخواست کی ہے کہ واقعے کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا دی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہوں۔
یاد رہے کہ آج سیکیورٹی فورس نے کراچی ائیر پورٹ سے ڈھائی کلو منشیات اسمگل کرنے کی غیر قانونی کوشش اس وقت ناکام بنا دی جب جرم کرنے والا مسافر ایک فلائٹ کے ذریعے شارجہ جارہا تھا۔
مزید پڑھیں: سیکیورٹی فورس نے کراچی ائیرپورٹ سے ڈھائی کلو منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی