راولپنڈی کے معروف جلیبی فروش سلیمان کا کہنا ہے کہ شہر میں 50 سال قبل میرے دادا نے جلیبیاں بنانا شروع کیں اور اسی وقت سے ہم جلیبیاں لکڑی پر تیار کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے صادق آباد کے جلیبی چوک میں جلیبی بنانے والے بزرگ احمد دین کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔ احمد دین فیصل آباد سے ہجرت کی اور راولپنڈی کے علاقے صادق آباد میں رہائش اختیار کی۔
ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے احمد دین کے پوتے سلیمان نے بتایا کہ 50سال قبل میرے دادا نے اس جگہ جلیبیاں بنانا شروع کی، ان کے بعد میرے والد اور اب میں یعنی تیسری نسل اپنا خاندانی پیشہ اپنائے ہوئے ہیں۔
جلیبی فروش سلیمان نے کہا کہ جب میرے دادا نے یہاں جلیبیاں بنانا شروع کیں تو یہاں آبادی بہت کم تھی اور لوگ دور دراز سے جلیبیاں لینے آتے تھے، اسی وجہ سے اس جگہ کا نام جلیبی چوک پڑ گیا۔ ہماری تیار کردہ جلیبیوں کی خاص بات یہ ہے کہ تازہ میٹریل سے تیار کی جاتی ہیں۔
سلیمان نے کہا کہ ہم جلیبی میں کیمیکلز استعمال نہیں کرتے تاکہ جلیبی کا خستہ پن برقرار رہے اور خاص طور پر دادا احمد دین نے بتایا تھا کہ اگر جلیبی کی لذت کو برقرار رکھنا ہے تو ہمیشہ جلیبیاں لکڑیوں کی آگ پر بنائی جائیں۔ تو ہم 50سال سے جلیبیاں لکڑیوں کی آگ پر بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی گیس سلنڈر استعمال نہیں کیا جس کی وجہ سے ہماری جلیبیوں کی لذت برقرار ہے اور ہماری کوشش ہے کہ میرے بچے بھی اسی چیز کو برقرار رکھیں۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ کوئی بھی گاہک خالی نہ جائے کیونکہ ہمارے پاس اتنا رش ہوتا ہے کہ لوگوں کو لائن میں لگنا پڑتا ہے۔
اوقاتِ کار بتاتے ہوئے سلیمان نے کہا کہ ہم دوپہر 12سے رات 12بجے تک جلیبیاں بناتے ہیں۔دکان بند ہونے تک گاہک آتے رہتے ہیں۔بارش کے دنوں میں ہمارا کام بڑھ جاتا ہے اور پھر ہمیں ڈبل میٹرئل تیار کرنا پڑتا ہے۔ ہم گھی کی بجائے کوکنگ آئل استعمال کرتے ہیں۔
گاہکوں کے بارے میں سلیمان کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام گاہک پرانے ہیں جو عرصہ سے ہمارے ہاں سے جلیبیاں خریدتے ہیں۔ جلیبیوں کے علاوہ ہم سموسے پکوڑے بھی بناتے ہیں لیکن ہماری سب سے مشہور پراڈکٹ جلیبی ہے۔کسی کے پاس نوکری کی بجائے اپنے کاروبار میں زیادہ برکت ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں جلیبی سے لطف اندوز ہونے کے 3 بہترین مقامات