کراچی:ملک میں جاری غیر یقینی صورتحال کے باعث سٹاک مارکیٹ کریش کر گئی جس کے باعث 100 انڈیکس میں 1298.86 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔ تنزلی کے باعث سرمایہ کاروں کو 150 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
ملک میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث سرمایہ کار پاکستان سٹاک مارکیٹ میں دلچسپی لینے سے گریزاں ہیں، جس کے باعث کاروبار کا آغاز ہی منفی انداز میں ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں 563.72 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی تھی اور انڈیکس 40623.14پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
ایک موقع پر انڈیکس میں 1800 پوائنٹس کی بھی مندی ریکارڈ کی گئی تھی اور انڈیکس 39275.43 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا، تاہم کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 1298.86 پوائنٹس کی مندی کے بعد 39888 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
کاروباری روز کے دوران مندی کے باعث 41 اور 40 ہزار کی نفسیاتی حدیں گر گئیں جبکہ مجموعی طور پر 13 حدیں گریں، گرنے والی حدوں میں 41100، 41000، 40900، 40800، 40700، 40600، 40500، 40400، 40300، 40200، 40100، 40000 اور 39900 کی حدیں شامل ہیں۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 3.15 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی اور 37 کروڑ 48 لاکھ 14 ہزار 823 شیئرزکا لین دین ہوا، جس کے باعث زیادہ سرمایہ کاروں نے شیئرز کو بیچنے کو ترجیح دی۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 150 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔