سری لنکا ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان لاہیرو تھریمانے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات ہیں اور اب تک ان کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے، پاکستان میں انہیں فرسٹ کلاس سیکیورٹی ملی ہے۔
کراچی میں پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ جو کھلاڑی نہیں آئے و ہ ان کا ذاتی فیصلہ تھا اور ہم سب کو اس کا احترام کرنا چاہیے، کھلاڑی یہاں بھرپور انداز میں انجوائے کررہے ہیں ، ہوٹل سے باہر جانے کی اجازت نہ ہونے کی وجہ سے ابتدائی دنوں میں انڈور گیمز کو انجوائے کیا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں جب سیکیورٹی پلان بتایا گیا تھا تو اس وقت ہی وہ مطمئن ہوگئے تھے، ان کی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے لیکن یہ کھلاڑی ریگولر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہیں اور پہلے بھی سری لنکا سے کھیل چکے ہیں، اکثریت کی عمر پچیس سال سے کم ہے، لہذٰا یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ پلیئرز سری لنکا کرکٹ کا مستقبل ہے۔
لاہیرو تھریمانے کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کا فوکس سیکیورٹی پر نہیں، صرف کرکٹ پر ہے کیوں کہ انہیں اندازہ ہے کہ ان کےلئے اپنا ٹیلنٹ ثابت کرنے کا یہ ایک اچھا موقع ہے، پلیئرز سے اچھی کرکٹ کی امید ہے، پاکستان ایک مضبوط سائیڈ ہے اور ہمیں معلوم ہے کہ وہ پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کسی اور ٹیم کو تو یہ نہیں کہہ سکتے کہ یہاں آکر کھیلیں لیکن امید ہے کہ سری لنکا کے بعد دیگر ٹیمیں بھی پاکستان کا رخ کریں گی اور یہاں آکر کرکٹ کھیلیں گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ جو نئے کھلاڑی آرہے ہیں اُن کے لیے یہ سیریز نادر موقع ہے، ہمارے اسکواڈ میں نئے کھلاڑیوں کی تعداد زیادہ ہے۔ سری لنکن کپتان نے اپیل کی کہ ہمیں پوری سپورٹ دینی چاہیےتاکہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی ہو، پاکستان نےہمیں بہترین سیکیورٹی فراہم کی، ہم پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئےتعاون جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ کل یعنی 27 ستمبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دس سال بعد ایک روزہ کرکٹ سے بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز ہونے جارہا ہے، کپتان سرفراز احمد اور قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے شائقین سے درخواست کی کہ وہ اسٹیڈیم آکر کرکٹ کو سپورٹ کریں۔دوسرا ون ڈے میچ 29 ستمبر کو کھیلا جائےگا جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 2 اکتوبر کو کھیلا جائےگا۔