کراچی:حکومت سندھ کے ترجمان، مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں لاک ڈاؤن گیم چینجرثابت ہوا، کورونا کیسز میں کمی،ایک روز میں تقریبا سوا دو لاکھ شہریوں نے کورونا ویکسین کروائی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ڈیلٹا وائرس کی شرح پر قابو پانے میں سندھ حکومت کی مدد کریں یہ وائرس پورے ملک میں تیزی سے پھیل رہا ہے ،وہ فریئر ہال کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی لیڈران اور میڈیا کے دوست معاشرے میں اہمیت رکھتے ہیں ہمیں لوگ دیکھتے اور سنتے ہیں ہم ماسک پہنیں گے تو عوام بھی ماسک استعمال کریگی، ہمیں خود کواور اپنے اہل خانہ کو کورونا سے محفوظ کرنا ہے ۔ہم سب نے ذمہ داری کا احساس کرنا ہے پھر بھارتی کورونایا بھارتی سازش کو قابو کرنے میں آسانی ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے چند روز میں میڈیا کے تعاون سے جو عوام کی ذہن سازی کی گئی اسکے مثبت اثرات مرتب ہوئے کل ایک روز میں سندھ میں دو لاکھ بائیس ہزار افراد نے ویکسی نیشن کروائی، پچھلے دونوں یہ تعداد بمشکل پچاس ہزار یومیہ تھی جو بڑھ کر دو لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے ۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ گیارہ ویکسی نیشن مراکز کو چوبیس گھنٹے فعال کردیا گیا ہے، دارالعلوم کورنگی کراچی کی انتظامیہ کا شکرگزار ہوں کہ انہوں کے ویکسی نیشن کیمپ قائم کیا ،وہاں علماء اور طلباء ویکسی نیشن کروارہے ہیں ،کل انشاءاللہ ہم اپنا سوا دو لاکھ کا ٹارگٹ پورا کرینگے عوام سے بھرپور تعاون کی درخواست ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ مراکز پر رش ہے، عوام کو پریشانی ہے، ہمیں اسکا ادراک ہے، رش میں ہم ایس او پیز کو فالو کریں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ہم مزید ویکسی نیشن مراکز قائم کرینگے،فیصلہ کیا ہے کہ مزید موبائل یونٹس کو فعال کیا جائے، سندھ کے دیگر اضلاع سے موبائل یونٹس کراچی منگوائے ہیں ،سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کو بڑے لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا۔
سیاسی منافقین نے بلاوجہ اس پر تنقید کی کیونکہ جب انکی حکومت لاہور میں سخت فیصلے کرتی ہے تو وہ کوئی احتجاج نہیں کرتے لیکن جب کراچی میں ستائیس فیصد مثبت کیسز کے باوجود لاک ڈاؤن لگتا ہے تو یہ لوگ سیاست کرتے ہیں پی ٹی آئی کے لوگ عوام کو گمراہ کرتے ہیں یہ اتنے منافق ہیں جب ہسپتالوں میں صورتحال قابو سے باہر ہوتی ہے تو یہ میڈیا پر آجاتے ہیں ۔
ڈیلٹا ویرینٹ پورے ملک میں بڑھ رہا ہے،کل اسد عمر صاحب نے کہا کہ ہم سختی کرنے جارہے ہیں اس مشکل وقت میں متحد ہوکر کام کرنا ہےڈیلٹا ویرینٹ کو پھیلنے سے ملکر روکنا ہےہمیں شہریوں کو قائل کرنا ہےہمیں سب مشاورت سے کرنا ہے طبی ماہرین ہمیں گائیڈ کررہے ہیں حکومتی گائیڈ لائن پر عمل کرنے سے ہی اس وباء کو پھیلنے سے روک سکیں گے ،ماضی کی طرح پھر ہم کاروبار کھولنے کی طرف جائینگے۔
مزید پڑھیں:دُنیا بھر میں کورونا سے 19کروڑ 96لاکھ افراد متاثر، 42لاکھ 49ہزار ہلاک