کراچی کے علاقے کورنگی میں گھریلو جھگڑا ہوا جس میں معمولی تلخ کلامی پر بیٹے کی فائرنگ کے باعث اس کا پولیس انسپکٹر باپ جاں بحق ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں پیش آیا، رات گئے انسپکٹر دیدار عباسی کے بیٹے نے ان پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔
درخشاں تھانے کے شعبۂ تفتیش میں تعینات انسپکٹر دیدار عباسی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جن کا بیٹا فائرنگ اور قتل کے بعد فرار ہوگیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کیا جائے گا جس کی تلاش، عینی شاہدین سے پوچھ گچھ اور تفتیش کی جارہی ہے۔ انسپکٹر دیدار عباسی کا قتل افسوسناک ہے۔
قبل ازیں عیسیٰ گوٹھ سپر ہائی وے پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مفتی ندا محمد شہید ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی کے علاقے شیر پاؤ کالونی کے قریب فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں ماں اور بیٹی جاں بحق ہوگئیں جبکہ پولیس نے واقعے پر تفتیش شروع کردی۔
گزشتہ ماہ یہ افسوسناک واقعہ صبح کے وقت لانڈھی میں شیر پاؤ کالونی کے قریب پیش آیا جہاں فائرنگ کے باعث 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔
لانڈھی پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی خواتین کا آپس میں رشتہ ماں اور بیٹی کا تھا۔
مزید پڑھیں: کراچی، شیر پاؤ کالونی کے قریب فائرنگ، ماں اور بیٹی جاں بحق