لاہور: پنجاب میں اسموگ کی صورتحال انتہائی خطرناک ہوگئی، مسلسل دو روز تک لاہور کو دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دئیے جانے کے بعد مریم نواز حکومت نے اہم اقدام اٹھا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اسموگ کی صورتحال انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے آج پنجاب اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اسپیکر نے رولنگ دی کہ اسموگ صورتحال نظر انداز نہیں کی جاسکتی۔
اسپیکر پنجاب نے تمام اراکینِ پنجاب اسمبلی کو ہدایت کی کہ عوامی مسئلے پر خصوصی اجلاس میں تمام اراکین اسمبلی اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ حالیہ اجلاس میں حکومت کے اقلیتی اراکین نے متعلقہ صوبائی وزیر کے خلاف متعدد شکایتیں کیں۔
وزیر اقلیتی امور کے خلاف شکایتوں کے انبار لگ گئے۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ اراکینِ اسمبلی نے شکایت کی کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور مختلف تقریبات کے مواقع پر حکومت سکیورٹی فراہم نہیں کررہی۔
اس موقعے پر حکومتی رکن پنجاب اسمبلی حمیدہ وحید الدین نے شادی بیاہ کی تقریبات میں خواجہ سراؤں اور رقاصاؤں سے بدسلوکی کے خلاف قرارداد پیش کردی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے قرارداد کو کمیٹی کے سپرد کردیا۔