کراچی: سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالرشید نے کہا ہے کہ سائٹ ایسوسی گرین انرجی کی طرف قدم بڑھاتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت سولر سسٹم پر منتقل ہوگئی ہے جس کا مقصد بہتر اور صحت مند ماحول اور انتظامی اخراجات میں نمایاں کمی لانا ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرشید نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ آن گرڈ سولر سسٹم ہے جو نیٹ میٹرنگ لائسنس کے حصول کے بعد انرجی بلوں میں کافی حد تک کمی کر دے گا کیونکہ کراچی میں سورج کی تیز روشنی باآسانی میسر ہے لہٰذا صنعتکار برادرری اپنی فیکٹریوں میں شمسی توانائی کو بطور توانائی استعمال کرکے بجلی بلوں کی مد میں سالانہ اربوں روپے کی بچت کرسکتے ہیں۔
عبدالرشید نے بتایا کہ سائٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے 50.29 کلوواٹ پر مشتمل سولر سسٹم کامیابی کے ساتھ نصب کیا گیا ہے۔سولر سسٹم پر منتقلی کے اس منصوبے کے لیے شمسی توانائی کے حوالے سے معروف کمپنیوں کو مدعو کرکے تجاویز طلب کی گئیں اور بعد ازاں باہمی مشاورت سے کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا جن کے تکنیکی مشوروں کی روشنی میں یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا۔
مزید پڑھیں:ڈیزل کی قلت، حکومت کا ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ