لاہور: جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل سیاسی جماعتوں کے مابین مذاکرات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی اور حکمراں اتحاد پی ڈی ایم عالمی اسٹیبلشمنٹ کے مہرے بنے ہوئے ہیں۔
عمران خان پر قاتلانہ حملہ، سی ٹی ڈی نے ایک اور ملزم حراست میں لے لیا
گفتگو کے دوران امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ پاکستان کے عوام فضائی، معاشی اور سیاسی آلودگی کے باعث شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ ملک بھر میں انتشار اور افراتفری پھیلی ہوئی ہے۔
امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا کہ انتشار کے باعث پورا نظامِ حکومت متاثر ہے۔ عوام سے کیے گئے وعدے نہ تحریکِ انصاف نے پورے کیے ہیں، نہ ہی ڈیموکریٹک موومنٹ نے کیے۔
پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کو عالمی اسٹیبلشمنٹ کا مہرہ قرار دیتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ مذاکرات سے مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ جماعتِ اسلامی روزِ اوّل سے گولی اور گالی کی سیاست مسترد کرتی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 7 کروڑ 90 لاکھ ہیکٹر زرعی رقبہ ہے، اس کے باوجود پاکستان میں غربت کا رقص جاری ہے۔ سیاسی جماعتوں کو بند گلی سے نکالنے کا واحد راستہ سیاسی مذاکرات ہیں۔