کراچی جانے والی سر سیّد ایکسپریس ملت ایکسپریس سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد جاں بحق، 40 سے 50 زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ ڈہرکی کے قریب پیش آیا۔سر سید ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کے مابین تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد بوگیوں میں پھنس گئے۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ایس ایس پی گھوٹکی نے حادثے میں 40 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ ڈی سی عثمان عبداللہ کا کہنا ہے کہ 40 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔ 20 سے 25 افراد کے بوگیوں میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل ریلیف کیمپ لگادیا گیا ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد مہیا کی جارہی ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی نے کہا کہ متاثرہ مسافروں کو ہر قسم کی امداد فراہم کر رہے ہیں۔ زخمی افراد صادق آباد، ڈہرکی اور میرپور ماتھیلو کے ہسپتالوں میں منتقل کردئیے گئے۔
امدادی کام سست روی کا شکار ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی کے مطابق ہیوی مشینری منگوا لی گئی ہے تاکہ امدادی کاموں کی رفتار تیز کی جاسکے۔ امدادی مشینری 20 سے 25 منٹ میں جائے حادثہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ تحصیل دار ڈہرکی کا کہنا ہے کہ دشوار گزار راستوں کے باعث ہیوی مشینری پہنچنے میں تاخیر ہورہی ہے۔ اپ اور ڈاؤن ٹریکس پر ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر رینجرز کے جوان بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے، جبکہ سندھ حکومت کے وزراء سمیت اعلیٰ حکام نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیرِ ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ کے مطابق سکھر اور گھوٹکی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔کئی بار مطالبہ کیا کہ ریلوے لائنیں اور پرانی ٹرینیں تبدیل کریں لیکن وفاق بات سننے کو تیار نہیں۔ کبھی ٹرینیں پٹڑی سے اتر جاتی ہیں، کبھی ٹکرا جاتی ہیں۔
صوبائی وزیر اویس شاہ نے کہا کہ ملک میں پرانی ٹرینیں چلانے کے باعث حادثات میں اضافہ ہورہا ہےانہوں نے حادثے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا، جبکہ ڈی سی گھوٹکی کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی 13 سے 14 بوگیاں متاثر ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سکھر میں کراچی ایکسپریس کی 9 بوگیاں ٹریک سے اترگئیں، 4 بوگیاں گہری کھائی میں جا گریں جس کے نتیجے میں 1 خاتون جاں بحق جبکہ 40افراد زخمی ہو گئے۔
روہڑی اور پنوں عاقل کے درمیان مارچ کے دوران پیش آنے والے حادثے میں بوگیاں الٹنے کے باعث 1 خاتون جاں بحق جبکہ 40افراد زخمی ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: سکھر،کراچی ایکسپریس کی 4بوگیاں گہری کھائی میں گرگئیں،1خاتون جاں بحق