اسمبلیوں کے استعفوں کے معاملہ پر سندھ سرپرائز دیگا، سعیدغنی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسمبلیوں کے استعفوں کے معاملہ پر سندھ سرپرائز دیگا، سعیدغنی
اسمبلیوں کے استعفوں کے معاملہ پر سندھ سرپرائز دیگا، سعیدغنی

کراچی:وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اسمبلیوں کے استعفوں کے معاملہ پر سندھ سرپرائز دے گا۔ ہمارا مقابلہ پی ٹی آئی والوں سے نہیں ہے کیونکہ وہ کسی صورت سیاسی ہی نہیں ہیں۔ اردو بولنے والوں کو اب یہ سوچنا ہوگا کہ ان کے جذبات سے کھیل کر کون اپنا الو سیدھا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنانے کے بعد یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ اب اس حکومت کی کیا اہمیت رہی ہے۔ خود عمران خان نے ہاتھ اٹھا کر دعا کی تھی کہ اللہ تعالیٰ اس کو شیخ رشید جیسا بڑا سیاستدان نہ بنائے شاید ان کی یہ دعا قبول ہوگئی ہے۔

کراچی کسی کے باپ کا نہیں کہنے والوں کے بھی باپ کا نہیں ہے۔ اس ملک میں قیمتیں بڑھنے کی وجہ مافیاز ہیں اور یہ مافیاز پی ٹی آئی کے اے ٹی ایم ہیں۔ پی ڈی ایم کی تحریک جس طرح طول پکڑ رہی ہے وہ وقت دور نہیں کہ عمران خان کے جگادری اتنی ہی تیزی سے ملک چھوڑ کر بھاگنا شروع کردیں گے۔

ہم استعفیٰ ان کو بھگانے کے لئے ہی دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز اپنے کیمپ آفس میں مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں کے رہنماؤں اور مختلف شعبہء ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی جانب سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساندھ، پی ایس پی کے صوبائی نائب صدر سلیم احمد چانڈیو، آل پاکستان مسلم لیگ کراچی ڈویژن کے سابق صدر محمد کمال مغل، ایم کیو ایم کے جوائنٹ یوسی انچارج رضا حسین، پی ایم ایل این کے رانا محمد عرفان، راجپوت برادری کے رہنماء علی حسن راؤ، معروف تعلیم دان و سماجی رہنماء عبدالمجید ابدانی، جاوید بڈھانی، ایم کیو ایم سیکٹر انچارج گلستان جوہڑ ولید رضا سمیت دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

وزیر تعلیم و محنت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر شمولیت پیپلز پارٹی کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ان تمام شامل ہونے والوں کو اپنی اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے خوش آمدید کہتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ان کی شمولیت سے پیپلز پارٹی جو پہلے ہی ایک اور واحد ملک گیر سیاسی جماعت ہے اس کو تقویت ملے گی۔

سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کو الیکشن میں ہڑانے کے لئے جس طرح کے ہتھکنڈے ہمیشہ استعمال ہوتے ہیں اس سے ہر ایک واقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آ ج بھی کراچی میں پیپلز پارٹی سب سے مقبول سیاسی جماعت ہے۔

اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے والوں نے بھی پیپلز پارٹی میں اپنی باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر صحافیوں کے سوالات کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ ڈی سی سینٹرل کو دھمکیاں دینے والے ایم کیو ایم کے رہنماء دراصل اردو بولنے والوں کے جذبات سے کھیل کر اپنا الو سیدھا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈی سی سینٹرل نے اس ڈی ایم سی سینٹرل جس میں ایم کیو ایم کے ووٹرز اور اردو بولنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے اس ڈی ایم سی میں ہونے والی کرپشن کے خلاف ایکشن لیا ہے۔

Related Posts