کراچی: حکومت سندھ نے چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے موقع پر صوبے میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے، اس ضمن میں نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 20 اکتوبر کو چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے موقع پر سندھ بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ ہو گا اور اس دوران موٹر سائیکل کی ڈبل سوار پر بھی پابندی ہوگی۔
چہلم کے موقع پر اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جب کہ 5 اور زائد افراد کے اجتماع اور نفرت انگیز تقاریر پر بھی پابندی ہوگی۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے وفاق سے چہلمِ امامِ حسین پر کراچی میں سیکیورٹی بیک اپ سپورٹ پر فوج کی تعیناتی کے لیے صوبائی محکمہ داخلہ نے وزارتِ داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں سفارش کی گئی ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں فوج، رینجرز اور ایف سی کو چہلمِ امامِ حسین کے موقع پر تعینات کیا جائے۔
سندھ حکومت نے کہاکہ خط کی منظوری کی صورت میں فوجی اہلکار کراچی کے حساس علاقوں سمیت جلوس کے روٹ پر تعینات کیے جاسکتے ہیں۔