اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ایل این جی ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف گواہ بن گئے ہیں اور وہ احتساب عدالت میں گواہی دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے احتساب عدالت نے 8 ہزار صفحات پر مشتمل ایل این جی ریفرنس باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لیا تھا۔
ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر شیخ عمران الحق اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے سابق چیئرمین سعید احمد خان سمیت 10 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
سابق وزیراعظم کے خلاف اس مقدمے میں شیخ رشید پہلے گواہ کے طور پر سامنے آئے ہیں اور احتساب عدالت میں بطور شکایت کنندہ پہلے گواہ کے طور پر گواہی دیں گے،اس کے علاوہ وزارت توانائی کے چار افسران بھی شاہد خاقان عباسی کے خلاف گواہی دیں گے جن میں محمد حسن بھٹی، نواز احمد ورک، عبدالرشید جوکھیو اور عمر سعید شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے جو ڈیشل ریمانڈ میں چھ جنوری تک توسیع