اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ شہباز شریف نے قوم کو گمراہ کرنے کیلئے بیان دیا، آشیانہ ہاؤسنگ سکیم سے متعلق معاملہ زیرسماعت ہے ، ملکی فضائیں اپوزیشن لیڈر کی متلاشی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ملکی فضائیں اپوزیشن لیڈر کی متلاشی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر نے جھوٹ کے ذریعے من گھڑت بیانیہ پیش کیا ۔معاون خصوصی نے کہاکہ شہباز شریف نے قوم کو گمراہ کرنے کیلئے بیان دیا۔
انہوں نے کہاکہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم سے متعلق معاملہ زیرسماعت ہے جس کیس کا فیصلہ نہیں ہوا اس پر وکٹری نشان بنائے جا رہے ہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ عدالت نے آپ کو کلیئرنس سرٹیفکیٹ نہیں دیا۔
معاون خصوصی اطلاعات نے کہاکہ شہباز شریف نے نیب کی غیر جانبدارانہ حیثیت کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی ،شریف برادران اپنی اصل پہچان کے حوالے سے قوم کو آگاہ کریں ۔معاون خصوصی نے کہاکہ لگ رہا ہے شریف برادران کے اصل تعارف کی ذمہ داری مجھے لینا پڑے گی۔
انہوں نے کہاکہ نیب قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کی کوشش رہا ہے ،انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا قانون کی حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر ہورہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ آپ کے دور میں ملکی دولت ٹی ٹیز کے ذریعے بیرون ملک گئی۔
مزید پڑھیں: نواز شریف اور ان کی ٹیم کی بے گناہی ایک ایک کر کے سامنے آرہی ہے،شہباز شریف