این اے 249 سے متعلق کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا کے خلاف اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست مسترد کردی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا شہباز شریف کے مقابلے میں این اے 249 کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے لیکن سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کی سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی جس پر عدالت نے فیصلہ سنادیا۔
یاد رہے کہ عام انتخابات میں این اے 249 کراچی میں شہباز شریف کو پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی، صدر مسلم لیگ ن 600 سے زائد ووٹوں کے فرق سے ہار گئے تھے جبکہ اس حلقے میں ساڑھے 3000 ووٹ منسوخ کیے گئے تھے۔
شہباز شریف نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ فیصل واوڈا کو 35 ہزار 349 جبکہ شہباز شریف کو 34 ہزار 626 ووٹ ملے۔ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 نہیں دیے گئے، درخواست میں کہا گیا کہ بیشتر پولنگ اسٹیشنز پر سادہ کاغذ پر نتائج تھما دیے گئے، کئی فارم 45 پر پریزائیڈنگ افسر کے دستخط بھی نہیں تھے۔
درخواستوں کے مسترد کیے جانے کے بعد وفاقی ویر برائے ریلوے شیخ رشید اور وزیر برائے آبی امور فیصل واوڈا نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کیس جیتنے پر فیصل واوڈا کو مبارکباد دیتا ہوں۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد میں بیٹھنے آرہے ہیں، مولانا صاحب بیٹھنے کے لیے آئیں، ایسا بٹھائیں گے کہ مولانا فضل الرحمان کا دوبارہ اٹھنا مشکل ہو جائے گا۔