قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ حملے کی شدید مذمت اور پر تشدد واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔
کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ حملے کے حوالے سے اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کا یہ واقعہ قابلِ مذمت ہے جس کی اعلیٰ سطحی و غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والی غنڈہ گردی کے باعث ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) سمیت ہر اپوزیشن پارٹی کو مریضوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع کا شدید افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے تعلیم یافتہ طبقات کا متصادم ہونا سرکاری بد انتظامی ہے۔ حکومت نے صورتحال کی سنگینی کا ادراک نہیں کیا، نہ ہی مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سیّد ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ لاہور میں ہونے والے واقعے پر بے حد افسوس ہے، قانون سے کوئی برتر نہیں جبکہ مشتعل ہجوم کا رویہ مجرمانہ تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ شب اپنے بیان میں معاونِ خصوصی ذوالفقار بخاری نے کہا کہ لاہور میں ہونے ولے پرتشدد واقعے میں 6 افراد اپنی جان سے گئے، واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
مزید پڑھیں: کوئی قانون سے برتر نہیں، مشتعل ہجوم کا رویہ مجرمانہ تھا۔زلفی بخاری