وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کراچی پہنچ گئے ہیں جو گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کے بعد ان کے ہمراہ اتحادی سیاسی جماعت ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔
تحریکِ انصاف کا اعلیٰ سطحی وفد اتحادی متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے عارضی مرکزی آفس کا دورہ کرے گا جہاں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج کراچی کا دورہ کریں گے
ملکی سیاسی صورتحال اور انٹرا پارٹی تعلقات کے ساتھ ساتھ صوبائی صورتحال اور امورِ حکومت پر گفت و شنید کی جائے گی جبکہ اس دوران ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان سیاسی معاہدوں پر عمل درآمد بھی زیر بحث آئے گا۔
متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے رہنما شہر کراچی کے مسائل کا مقدمہ تحریکِ انصاف کے حکومتی نمائندوں کے سامنے رکھیں گے جس کے پیش نظر گرانٹ، اسکیموں اور پیکیج کے مطالبات متوقع ہیں۔
پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم قائدین اتحادیوں کی ملاقات کے دوران مستقبل قریب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات پر بھی گفت و شنید کریں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل پی ٹی آئی وفد کی قیادت کریں گے جبکہ ایم کیو ایم کی طرف سے وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی، میئر کراچی وسیم اختر اور عامر خان وفد کی سربراہی کریں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھی ثقافت ڈے کے موقعے پر سندھ سمیت پورے ملک کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ثقافت اعلیٰ خوبیوں سے مزین ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سندھی ثقافت کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ مملکتِ خداداد پاکستان کی ثقافت مختلف رنگوں سے سجی ہوئی اور زندگی سے بھرپور ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی کثیر رنگی ثقافت قومی اتحاد کی آئینہ دار ہے۔بلاول بھٹو