اہل کراچی جو کہ لذیذ اور مزیدار اشیاء کھانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، ایسے میں شاہ فیصل کالونی نمبر 3 میں بسم اللہ کچوری اور چپلی کباب پر دستیاب چٹ پٹا چپلی کباب رول کسی نعمت سے کم نہیں اور اس نعمت سے آپ صرف 50 روپے میں لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
ایم ایم نیوز نے اس حوالے سے تفصیلات جاننے کے لئے شاہ فیصل کالونی کا رُخ کیا اور مشرف سے مزیدار چپلی کباب رول تیار کرنے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں جو قارئین کی نظر ہیں۔
مشرف کا کہنا تھا کہ دکان کا آغاز رواں سال 13 اگست کو کیا گیا تھا، ذہن میں یہی تھا کہ صر ف 13 اور 14 اگست کو لوگوں کو یہ آفر دینگے لیکن جب لوگوں کی بڑی تعداد نے اس آفر کو پسند کیا تو ہم نے اس کام کو مسلسل شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری دکان پر چپلی کباب کو تیار کرنے کیلئے بڑے کا گوشت استعمال کیا جاتا ہے اور رول کو تیار کرتے وقت ہم صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں چہلی کباب رول کھانے کیلئے ہر قسم کے لوگ آتے ہیں جن میں غریب اور امیر دونوں شامل ہیں۔
اگر آپ بھی یہ مزیدار رول کھانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ شام 6 بجے سے رات 3 کے بجے کے درمیان کسی بھی وقت بسم اللہ کچوری اور چپلی کباب جاکر یہ رول کھاسکتے ہیں۔