سری نگری: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے سینئر صحافی اور سیاسی مبصر گوہر گیلانی کے خلاف سوشل میڈیا پر ان کی پوسٹوں اور تحریروں پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس کی طرف سے جاری ایک ہینڈ آوٹ میں کہا گیا کہ پولیس کے سائبر ونگ کشمیر زون سری نگر کو ذرائع کے ذریعہ اطلاع ملی کہ گوہر گیلانی سماجی رابطوں کی سائٹوں پر اپنی پوسٹوں اور تحریروں کے ذریعے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
جس پر انکے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔یاد رہے کہ قابض بھارتی انتظامیہ پہلے ہی دو معروف کشمیری صحافیوں پیرزادہ عاشق اور خاتون فوٹو جرنلسٹ مسرت زہرہ کے خلاف سنگین الزامات کے تحت مقدمات درج کر چکی ہے۔ ان کے خلاف کشمیر سے متعلق تصاویر اپ لوڈ کرنے اور کشمیری شہداء کے اہلخانہ کا موقف شائع پر مقدمہ درج کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ کشمیر میں بھارتی درندگی کے خلاف آواز اٹھانے والے صحافی کی آواز دبایا گیا ہو، یہ بھارت کا وطیرہ بن چکا ہے، جو صحافی حق و سچ عوام تک پہنچاتا ہے اس کی آواز کو بند کردیا جاتا ہے۔