اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی رہنما و سیینٹر مشاہد اللہ خان دیرینہ علالت کے باعث انتقال کر گئے ہیں، جس پر ملک کی مشہورومعروف شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے، ان کی عمر 68 برس تھی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر مشاہد اللہ خان طویل عرصے سے مسلسل بیمار تھے جن کا انتقال اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں گزشتہ روز ہوا۔ ان کی نمازِجنازہ آج نمازِ ظہر کے بعد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی جس میں ملک کی معروف شخصیات شریک ہوں گی۔
سینیٹر مشاہد اللہ خان کے بیٹے ڈاکٹر افنان اللہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے والد کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی نمازِ جنازہ اسلام آباد کے سیکٹر 11 ایچ میں ادا کی جائے گی۔
مشاہد اللہ خان 1953ء میں راولپنڈی میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم اسلامی ہائی اسکول راولپنڈی سے حاصل کی۔ راولپنڈی کے گورڈن کالج سے گریجویشن مکمل کی اور بعد ازاں 1990ء میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔
سن 1997ء میں مشاہد اللہ خان نے کراچی یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ نواز شریف کے آخری دورِ حکومت میں مشاہد اللہ خان ماحولیاتی تبدیلی کی وفاقی وزیر مقرر ہوئے جبکہ 2009ء سے اب تک ن لیگ کے ٹکٹ پر سینیٹر کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ہمیں ن لیگ کے وفادار اور اہم رہنما کی وفات نے سوگوار کردیا۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان کا انتقال ن لیگ کیلئے عظیم نقصان ہے۔
نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ سینیٹر مشاہد اللہ خان کی وفات سے جو خلاء پیدا ہوا ہے، کبھی پر نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے ہمیں والد جیسی شفقت اور محبت سے نوازا۔ ن لیگ کے رہنما اور کارکنان سینیٹر مشاہد اللہ خان کو بھول نہیں سکیں گے۔
مریم نواز نے سینیٹر مشاہد اللہ خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سینیٹر مشاہد اللہ خان کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے بھی سینیٹر مشاہد اللہ خان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔
سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ سینیٹر مشاہد اللہ خان کا انتقال ن لیگ اور قوم کیلئے بہت افسوسناک خبر ہے، وہ بے حد اچھے انسان اور پارلیمنٹیرین تھے جنہیں مدتوں یاد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما اور مدرسہ مخزن العلوم کے سربراہ مولانا سیف الدین سیف انتقال کر گئے تھے۔
جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما مولانا سیف الدین سیف کچھ عرصے سے شوگر، دل اور گردوں کے امراض میں مبتلا اور چند روز سے مقامی ہسپتال میں داخل تھے، جن کا انتقال 5 روز قبل ہوا۔
مزید پڑھیں: جے یو آئی رہنما مولانا سیف الدین سیف انتقال کر گئے