کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر میں دن کے اوقات کے دوران ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
اس پابندی کا نفاذ دفعہ 144 کے تحت کیا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کو کم کرنا، حادثات کی روک تھام اور سڑکوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک کسی بھی ہیوی گاڑی کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ پابندی ان ڈمپرز پر بھی لاگو ہو گی جو تعمیراتی سامان لے کر آتے ہیں، تاکہ شہر کی سڑکوں پر غیر ضروری بوجھ کم کیا جا سکے۔
مخصوص صنعتی علاقوں کے لیے محدود راستوں پر مشروط اجازت دی گئی ہے۔ ان راستوں میں سپر ہائی وے سے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تک سلپ روڈز کے ذریعے آمد و رفت کی اجازت شامل ہے۔
اسی طرح، نیشنل ہائی وے سے گودام چورنگی تک کا راستہ بھی قابل استعمال ہوگا، جو منظر پیٹرول پمپ، یونس چورنگی، داؤد چورنگی اور جام صادق پل سے گزرتا ہے۔
اس کے علاوہ نادرن بائی پاس سے پارچہ چوک، اسٹیٹ ایونیو، سیمنز چورنگی سے ہوتے ہوئے غلابائی اور ماری پور روڈ تک محدود طور پر ٹرکوں کو گزرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر کیا گیا ہے جنہوں نے شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل، سڑکوں کی خراب صورتحال اور حادثات کی شرح میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ پابندی تجویز کی۔
ان کا ماننا ہے کہ دن کے وقت ہیوی ٹریفک پر پابندی سے ٹریفک کا بہاؤ بہتر، عوام کے لیے سفر آسان اور سڑکوں پر دباؤ کم ہو گا۔
شہری حلقوں کی جانب سے اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے۔ عوامی سطح پر اس اقدام کو ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹرز اور تعمیراتی کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ اوقات اور متعین راستوں کی سختی سے پابندی کریں تاکہ ٹریفک نظام مؤثر اور محفوظ رہ سکے۔