اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر پنجاب میں عام انتخابات سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کی سماعت آج ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ عدالت عظمی پنجاب میں انتخابات کے بارے میں 4 اپریل کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کیخلاف آرمی ایکٹ کی قرار داد منظور
قبل ازیں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 4 اپریل کو اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات 14 مئی کو کرائے جائیں۔سپریم کورٹ نے صدرِ مملکت کی جانب سے انتخابات کی تاریخ دینے کے فیصلے کو قانونی قرار دیا۔
اس سے قبل حکومت کا یہ مؤقف رہا ہے کہ پنجاب میں انتخابات 14 مئی کو انتخابات کرانا ممکن نہیں کیوں کہ ان کے لیے درکار مالی وسائل گذشتہ مالی سال کے بجٹ میں مختص نہیں، نہ ہی سکیورٹی انتظامات کیلئے خاطر خواہ نفری میسر ہے۔
آج جس درخواست کی سماعت ہوگی، اس میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عدالت کمیشن کی جانب سے نظر ثانی کی اپیل فوری طور پر منظور کرے۔ ماضی کے فیصلے کو انصاف کے پیش نظر واپس لیا جائے۔