این ڈی ایم اے کراچی کے تمام نالے 3 ماہ میں صاف کرے۔سپریم کورٹ کا حکم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

این ڈی ایم اے کراچی کے تمام نالے 3 ماہ میں صاف کرے۔سپریم کورٹ کا حکم
این ڈی ایم اے کراچی کے تمام نالے 3 ماہ میں صاف کرے۔سپریم کورٹ کا حکم

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی:سپریم کورٹ نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو حکم دیا ہے کہ شہرِ قائد کے تمام نالے 3 ماہ میں صاف کردئیے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد نے 3 رکنی ججز بینچ کی سربراہی کرتے ہوئے ایک پٹیشن کی سماعت کی جو کراچی میں نالوں پر تعمیر کی گئی ناجائز تعمیرات کے خلاف تھی۔

پٹیشن کی سماعت کے لیے ججز بینچ میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الاحسن بھی شامل تھے جبکہ دورانِ سماعت چیف جسٹس نے کمشنر کراچی افتخار شالوانی سے استفسار کیا کہ کراچی میں نالہ صفائی کے جاری کام کا اب تک کیا ہوا؟ کمشنر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ این ڈی ایم نے شہر کے 3 بڑے برساتی نالے صاف کردئیے ہیں۔

عدالت کو نالہ صفائی مہم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے بتایا کہ کراچی میں 38 بڑے اور 514 چھوٹے نالے موجود ہیں۔ اِس موقعے پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے کہا کہ سندھ حکومت نے شہر کو تباہ کردیا۔ شہر کوڑے کرکٹ اور گندے پانی سے بھرا ہوا ہے۔

صوبائی حکومت کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے جبکہ ہر طرف تباہی پھیلی ہوئی ہے۔ گزشتہ 10 برسوں میں کراچی کو بتدریج تباہ کیا گیا۔ اگر سب کچھ سپریم کورٹ نے ہی کرنا ہے تو سندھ حکومت کی کیا ذمہ داری ہے؟

بعد ازاں سپریم کورٹ نے این ڈی ایم اے کو 3 ماہ کے اندر اندر  کراچی کے تمام نالے صاف کرنے کے ساتھ ساتھ نالوں پر موجود ناجائز تجاوزات ہٹانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے سندھ حکومت کو نالہ صفائی اور تجاوزات ہٹانے میں این ڈی ایم اے کی مدد کا حکم بھی دیا۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کے خلاف مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان نے گزشتہ روز شہرِ قائد میں لوڈ شیڈنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا حکم دیا اور کے الیکٹرک کا آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں:  کرنٹ لگنے سے اموات پر مقدمات درج کرنے کا حکم

Related Posts