بینک دولت پاکستان 19 نومبر 2024ء کو ویمن انٹرپرینورشپ ڈے پاکستان بھر میں اپنے 16 فیلڈ دفاتر پر منائے گا۔
مرکزی تقریب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کراچی میں ہوگی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کلیدی خطاب کریں گے۔اس تقریب میں بینکوں اور نان بینک اداروں کے اعلیٰ حکام اور ورکنگ ویمن ایسوسی ایشنوں کے نمائندے معیشت میں خاتون آجرین کے اہم کردار کا اعتراف کرنے کے لیے جمع ہوں گے۔
ویمن انٹرپرینورشپ ڈے کی تیاریوں کے سلسلے میں اسٹیٹ بینک جولائی 2024ء سے اپنے اسٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے متعدد سرگرمیاں انجام دے رہا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ خواتین کی زیرِ قیادت چلنے والے کاروباروں کے لیے سازگار ماحول پروان چڑھایا جائے۔
یہ سرگرمیاں، جن میں ورکشاپ، آگاہی کی مہمات، اور مینٹورشپ پروگرام شامل ہیں، انجام دینے کا مقصد خواتین کو قرضوں کے دستیاب ذرائع سے آگاہ کرنا اور کاروباری سفر میں سہولت دینے کے لیے انہیں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے اسٹیٹ بینک – بی ایس سی دفاتر نے ملک بھر کی ایک ہزار سے زائد انٹرپرینور خواتین کو اپنے ساتھ ملایا ہے۔
اسٹیٹ بینک، کراچی میں مرکزی تقریب میں خواتین کی زیرِ قیادت چلنے والے کاروباری اداروں کو مختلف زمروں مثلاً جدت طراز قیادت، سماجی اثرات، سسٹین ایبلٹی چیمپئن، اور استقلال میں ایوارڈز دیے جائیں گے جن کے ذریعے انٹرپرینورشپ کے میدان میں ان کی قابل ذکر کامیابیوں کو سراہا جائے گا۔
اس کے علاوہ ’بزنس آئیڈیا کا مقابلہ‘ (Business Idea Competition) جیتنے والوں کے ناموں کا بھی اعلان کیا جائے گا، نیز اس تقریب میں اُن بینکوں کو اعلیٰ کارکردگی پر اعتراف میں ایوارڈ ز بھی دیے جائیں گے جنہوں نے خاتون قرض گیروں (borrowers) کو مسلسل قرضے جاری کیے ۔
ویمن انٹرپرینورشپ ڈے ایک عالمی اقدام ہے جس کا مقصد ایسی خواتین کو سراہنا اور انہیں تعاون فراہم کرنا ہے جو جدت طراز ہیں، روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہیں اور معاشی نمو میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔
اپنے کلیدی کردار کے باوجود ایسی خواتین کی بڑی تعداد کو قرضوں کے حصول اور کاروباری مواقع تک رسائی میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ ان تقریبات کے ذریعے اسٹیٹ بینک اور اس کے شراکت دار ادارے چاہتے ہیں کہ مزید خواتین انٹرپرینورشپ سے وابستہ ہوں اور آج کے مسابقتی ماحول میں کامیابی حاصل کریں۔