کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور سعودی فنڈز کے مابین تین ارب ڈالرکی فراہمی کا معاہدہ طے پا گیا۔
سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ایک ڈیپازٹ معاہدے پر دستخط ہوئے، معاہدے پر سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو سلطان بن عبدالرحمان المرشد اور گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے دستخط کیے۔
جس میں سعودی عرب کی نمائندگی سعودی فنڈ برائے ترقی، اور حکومتِ پاکستان کی نمائندگی اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کی۔
دونوں ملکوں کے درمیان یہ ڈپازٹ معاہدہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور خصوصی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔
اس ڈپازٹ معاہدے کے تحت، سعودی فنڈ اسٹیٹ بینک کے پاس تین ارب ڈالر رکھوائے گا۔ دونوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت ڈپازٹ کی رقم اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر کا حصہ بن جائے گی۔
یہ رقم پاکستان کے زرِ مبادلہ ذخائر میں معاونت کرے گی اور کورونا وباء کے منفی اثرات دور کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔
سعودی عرب کی جانب سے رقم کے ملنے سے اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ زخائر 16ارب ڈالر سے بڑھ کر 19ارب ڈالر اور ملکی مجموعی زرمبادلہ زخائر بھی 25ارب ڈالر سے تجاوز کرجانے کی امید ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ شوکت ترین نے اس سلسلے میں اہم ملاقات بھی کی ہے، وزیراعظم عمران خان کو سعودی عرب کی جانب سے مالی امداد اور تیل کی موخرادائیگی سے متعلق سہولت پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم کو ملاقات کے دوران محصولات کی وصولی میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں پبلک سیکٹر اداروں کی جانب سے ادا کیے جانے والے منافع سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے اور وزیر اعظم کو اس حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
مزید پڑھیں: القادر یونیورسٹی کے طلبہ عالمی اسکالرز سے تعلیم حاصل کرینگے۔وزیراعظم