زندگی تماشاکی ریلیز میں رکاوٹیں، سرمد کھوسٹ نے وزیراعظم سے مدد مانگ لی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

sarmad khoosat imran khan
sarmad khoosat imran khan

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: نامورپاکستانی اداکار و ہدایت کارسرمد کھوسٹ نے وزیراعظم اور صدر مملکت سے درخواست کی ہے کہ ایک مخصوص گروپ ان کی فلم ‘زندگی تماشا’ کی ریلیز میں رکاوٹیں پیداکررہا ہے ، ان کے مسئلے پر توجہ دی جائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سرمد کھوسٹ نےاپنی فلم کے حوالے سے ” میں بھی پاکستان ہوں” کے عنوان سے ایک خط پوسٹ کیا ہے جس میں وزیراعظم، صدرپاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف اور وزیر اطلاعات کو مینشن کیا گیاہے۔

اپنے خط میں سرمدکھوسٹ کاکہنا تھا کہ 24 جنوری کو میری فلم ریلیز ہونے والی تھی لیکن پھر ڈھائی منٹ کے ٹریلر سے اخذ کیے گئے مفروضوں کی بنیاد پر فلم کے مصنف، پروڈیوسر اور میرے خلاف شکایت درج کرادی گئی۔

خط میں سرمد کھوسٹ نے تحریر کیا کہ مجھے اس انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے 20 برس کا عرصہ ہوگیا ہے اورمجھے انڈسٹری میں خدمات انجام دینے کے لیے پرائیڈ آف پرفارمنس کا اعزازبھی مل چکا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ قانون کی پاسداری کرنے والے ایک شہری کی حیثیت سے میں یقین دلاتا ہوں کہ فلم میں کوئی جارحانہ اوربدنیتی پر مبنی مناظر موجود نہیں، شکایت کے جواب میں میں نے اپنی فلم دوبارہ سنسر بورڈ بھیجی جہاں اس کا ایک بار پھر جائزہ لیاگیا۔

سرمد کھوسٹ کا کہنا تھا کہ سنسر بورڈ نے ایک بار پھر چند کٹوتیوں کے بعد فلم کوریلیز کے لیے کلیئرکردیاتھالیکن ریلیز سے صرف ایک ہفتہ قبل ہی کسی گروپ کی جانب سے اس فلم کی ریلیز کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہےاور دباؤڈالاجارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک اسٹار صندل خٹک کی ایف آئی اے کی خلاف عدالت میں درخواست

انہوں نے کہا کہ میں نے دوسال قبل فلم ’’زندگی تماشا‘‘ پرکام شروع کیا میں پاکستانی سینما کی بحالی پر اپنا کردار ادا کرنے پر بے حد پرجوش تھا۔ میرا فلم بنانے کا مقصد کسی کی ذات پر حملہ کرنا یا پھر کسی پر انگلی اٹھانا نہیں تھا۔

سرمد کھوسٹ نے تحریر کیا کہ میری فلم تینوں سنسربورڈزکی جانب سے کلیئر کردی گئی تھی اور اس کا بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ورلڈ ٹی وی پریمیئر بھی ہوا تھا، جب کہ یہ پہلی پاکستانی فیچر فلم ہے جس نے اتنے بڑے فلم فیسٹیول میں ایوارڈ حاصل کیا۔

سرمد کھوسٹ نے مزید کہا کہ میری فلم 24 جنوری کو پاکستانی سینما میں ریلیز ہونے والی تھی تاہم فلم کے ڈھائی منٹ کے ٹریلرکی بنیاد پرکچھ لوگ فلم کی کہانی کو غلط انداز میں پیش کرکے پروپیگنڈا کر رہے ہیں اس لیے ٹریلر کو ہٹایا گیا۔

واضح رہے کہ ہدایت کار سرمدکھوسٹ کی فلم ’’زندگی تماشا‘‘ حساس موضوع اور کہانی کے باعث متنازع فلم بن چکی ہے، فلم کی کہانی ایک نعت خواں کے گرد گھومتی ہے جس سے ایک غلطی ہوجاتی اور اس غلطی کے باعث اس کی زندگی تماشا بن جاتی ہے۔

فلم کے ٹریلر میں عندیہ دیا گیا تھا کہ فلم میں مذہب اور سیاست کا لبادہ اوڑھے لوگ کس طرح اپنے مقاصد حاصل کرتے ہیں، فلم کے کچھ کرداربظاہر اچھے مگر حقیقت میں منافقت کا پیکردکھائے گئے ہیں۔

Related Posts