اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی جمشید اقبال چیمہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 لاہور کے ضمنی انتخاب کیلئے جمشید اقبال چیمہ کو امیدوار نامزد کیا جو انتخاب میں حصہ لینے کی غرض سے اپنے عہدے سے مستعفی ہوئے۔
وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے توانائی تابش گوہر اپنے عہدے سے مستعفی
سہیل تنولی پی ٹی آئی میں شامل، آفتاب صدیقی کا مفلر پہنا کر خیرمقدم
معاونِ خصوصی جمشید اقبال چیمہ نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو بھجوا دیا۔ تحریکِ انصاف ضمنی انتخاب کیلئے امیدوار نامزد کرنے والی پہلی سیاسی جماعت بن گئی، دیگر جماعتیں امیدوار نامزد نہ کرسکیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت نے حلقہ این اے 133 کیلئے امیدوار کا نام فائنل نہیں کیا۔ قومی اسمبلی کی نشست ن لیگی رکنِ اسمبلی پرویز ملک کے انتقال کے بعد خالی ہوئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 2018 کے عام انتخابات میں ن لیگ کے محمد پرویز ملک نے پی ٹی آئی کے امیدوار اعجاز احمد چوہدری کو ہرا کر قومی اسمبلی کی نشست جیتی۔ انہوں نے 89 ہزار 678 ووٹ حاصل کیے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے اعجاز احمد چوہدری 77 ہزار 231 ووٹوں کے ساتھ دوسرے، ٹی ایل پی کے مطلوب احمد 13 ہزار 235 ووٹوں کے ساتھ تیسرے جبکہ پی پی پی کے امیدوار چوہدری اسلم گل تیسرے نمبر پر رہے۔