سانگلہ ہل میں 3 ملزمان نے ایک لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔
تفصیلات کے مطابق سانگلہ ہل میں ملزمان نے لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی۔ پولیس کے مطابق لڑکی کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دیگر 2 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ ملزمان لڑکی کو جھانسہ دے کر اپنے ساتھ لے گئے تھے اور بعد ازاں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس سے قبل فیصل آباد میں ڈکیتی کے دوران زرعی یونیورسٹی کی ملازمہ سے زیادتی کے واقعے پر نامزد ملزم علی شیر کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم علی شیر نے دورانِ تفتیش اقبالِ جرم کرتے ہوئے اپنے دیگر ساتھیوں کی نشاندہی کردی۔ ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔ ملزمان نے شوہر کے ساتھ گھر جاتی ہوئی خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔