دین کی خاطر شوبز انڈسٹری کو الوداع کہنے والی سابق بھارتی اداکارہ ثنا خان اور ان کے شوہر مفتی انس کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش جلد متوقع ہے۔
ثنا خان نے جمعہ کو یہ خوشخبری انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو دی۔ انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں قرآن کی تلاوت جاری ہے اور ساتھ ہی لکھا ہے کہ الحمداللہ ہماری 3 افراد کی فیملی اب 4 ہونے جا رہی ہے، اس خوشی کا بے صبری سے انتظار ہے۔
یاد رہے کہ ثنا خان نے 2020 میں بالی وڈ کو خیرباد کہہ دیا تھا اور 2021 میں مفتی انس سید سے شادی کی تھی۔
شادی کے بعد ثنا خان خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں، گزشتہ سال ثنا خان اور مفتی انس کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی تھی۔
اداکارہ ثنا خان نے ایک بار انکشاف کیا تھا کہ مفتی انس کا رشتہ ان تک معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے وائس نوٹ میں پہنچا تھا جسے سن کر وہ حیران رہ گئی تھیں۔ بعد ازاں جوڑے نے اپنے بیٹے کا نام سید طارق جمیل رکھا۔