بھارتی فلم اسٹار سلمان خان کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے ایک اور دھمکی موصول ہوئی، جس کی تصدیق ممبئی پولیس حکام نے کی۔
ایک پیغام میں کہا گیاکہ یہ لارنس بشنوئی کا بھائی ہے۔ اگر سلمان خان زندہ رہنا چاہتا ہے تو اسے ہمارے مندر آکر معافی مانگنی ہوگی یا 5 کروڑ روپے دینے ہوں گے۔ اگر وہ یہ نہیں کرتا تو ہم اسے مار دیں گے۔ ہمارا گینگ اب بھی سرگرم ہے۔
ممبئی پولیس کے اہلکاروں نے کہا ہے کہ اس پیغام بھیجنے والے کی تلاش جاری ہے۔
یہ دوسری بار ہے کہ سلمان خان کو ایسی دھمکی ملی ہے۔ یہ تازہ ترین پیغام جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ایک ساتھی کی جانب سے دیا گیا ہے، گزشتہ رات دیر گئے موصول ہوا، جو اداکار کو نشانہ بناتے ہوئے دھمکیوں کی ایک کڑی میں ایک اور اضافہ ہے۔
دھمکی کے جواب میں پولیس نے پیغام بھیجنے والے کی شناخت کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں اور ایک جامع تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ اس بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر سلمان خان کی سیکورٹی مزید بڑھادی گئی ہے۔ حکام کا خیال ہے کہ یہ واقعہ اداکار کے گرد خطرے کی ایک نئی سطح کی علامت ہو سکتا ہے۔
یہ تازہ دھمکی 30 اکتوبر کو موصول ہونے والی دھمکی کے بعد آئی، جب ایک نامعلوم شخص نے سلمان خان سے 2 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ حالیہ برسوں میں سلمان خان کو اپنی حفاظت کو نشانہ بنانے کے متعدد واقعات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جن میں دو افراد کا اس کے پنویل فارم ہاؤس میں جعلی شناختی دستاویزات کے ساتھ داخل ہونے کی کوشش شامل ہے اور 2023 میں گینگسٹر گولڈی برار کی جانب سے ایک دھمکی آمیز ای میل بھی ملی تھی۔
2022 میں سلمان خان کی رہائش کے قریب ایک دھمکی آمیز خط بھی ملا تھا۔ خاص طور پر 12 اکتوبر کو بابا صدیق کے قتل کے بعد اب اداکار کے لیے سیکورٹی اقدامات میں اضافہ کردیا گیا ہے۔