کراچی: وزیرِ تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی اور پی ٹی آئی کے موجودہ رکن فردوس شمیم نقوی استعفیٰ نہیں دیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ مجھے یقین ہے فردوس شمیم نقوی استعفیٰ نہیں دیں گے کیونکہ پی ٹی آئی جانتی ہے کہ ضمنی انتخاب میں ان کی نشست بھی پیپلز پارٹی جیت جائے گی۔
پیغام میں وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ یہ الگ بات ہے کہ پی ٹی آئی کی اندرونی لڑائی اتنی بڑھ گئی ہو کہ فردوس شمیم نقوی بالکل ہی ناقابلِ برداشت ہوچکے ہوں، اسی صورت میں استعفیٰ دیں گے۔ بصورتِ دیگر سندھ حکومت کو ان کا استعفیٰ ملنے والا نہیں۔
مجھے یقین ہے فردوس شمیم نقوی کل استعفی نہیں دیگا کیونکہ پی ٹی آئی کو معلوم ہے کہ ضمنی الیکشن میں نقوی کی سیٹ بھی پیپلز پارٹی جیت لے گی۔ یہ الگ بات ہے کہ اگر پی ٹی آئی کی اندرونی لڑائی اتنی بڑھ گئی ہو کہ فردوس شمیم بالکل ہی ناقابل برداشت ہو گیا ہو۔
— Senator Saeed Ghani (@SaeedGhani1) June 29, 2021
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فردوس شمیم نقوی کا استعفیٰ دینا ان کی اپنی مرضی ہے پی ٹی آئی والوں کی یوٹرن لینے کی عادت ہے۔ ایک جانب حریم ہیں ایک طرف حلیم ہیں۔
گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ جو کچھ سندھ اسمبلی میں ہورہا ہے آج سے پہلے ایسی حرکات دیکھنے کو نہیں ملیں۔ اسمبلی میں کبھی اس طرح کے حالات پیش نہیں آئے، یہ لوگ رکنِ اسمبلی ہونے کے اہل نہیں۔
مزید پڑھیں: فردوس شمیم نقوی کا استعفیٰ ان کا ذاتی مسئلہ ہے، ناصر حسین شاہ
قبل ازیں سندھ اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جار ی محاذ آرائی کم نہ ہوسکی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق صدر پی ٹی آئی کراچی ڈویژن فردوس شمیم نقوی نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا۔
سندھ اسمبلی کے احاطے میں گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پچھلے 3 سال سے جمہوریت کا جنازہ دیکھتے آرہے ہیں،اپوزیشن لیڈر کا مائیک تک نہیں کھلتا۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے فردوس شمیم نقوی سندھ اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی