کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے مہمان ٹیم کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں 14 سال بعد پہلی مرتبہ مدِ مقابل آئی ہیں۔ ٹاس جیت کر بیٹنگ کے فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اگر ٹاس ہم جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہماری ہوتی۔ جنوبی افریقہ بہترین کرکٹ ٹیموں میں سے ایک مانی جاتی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ وکٹ بہت خشک ہونے کے بعد لگتا ہے کہ گیند بریک ہوگی، پاکستانی کرکٹ ٹیم میں عمران بٹ اور نعمان علی پہلی بار میچ کھیل رہے ہیں۔ یونس خان اور یاسر شاہ نے بالترتیب عمران بٹ اور نعمان علی کو ٹیسٹ کیپ دی۔
کپتان بابر اعظم کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم میں اظہر علی، عابد علی، محمد رضوان، عمران بٹ، شاہین شاہ، فہیم اشرف، فواد عالم، حسن علی، یاسر شاہ اور نعمان علی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان میں 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
بعد ازاں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ قبل ازیں جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ 2007ء میں کیا، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بھی اس دوران ایک ٹیسٹ میچ کھیلا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ ٹیم کرکٹ سیریز کیلئے 14 سال بعد پاکستان پہنچ گئی