ماسکو: روس نے یورپی یونین ممالک پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنا مفاد ہو تو یورپ کو یورپی اقدار اور انسانی حقوق یاد آجاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق روس کے صدارتی پریس سیکریٹری دیمتری پیسکوف نے روس کے سرحدی علاقے بیلگوروڈ پر یوکرین کے حملوں پر مغرب کی خاموشی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یورپ انسانی حقوق کو ہمیشہ اپنے مفاد کیلئے استعمال کرتا ہے۔
روس کے صدارتی پریس سیکریٹری نے کہا کہ دراصل یورپ انسانی حقوق کو لچکدار شے سمجھتے ہوئے جب بھی انسانی حقوق پر آواز اٹھانا اس کے مفاد کے خلاف ہو تو اس پر آواز نہیں اٹھاتا۔
دنیا کی ٹاپ 12 خفیہ ایجنسیوں کے سربراہوں کا خفیہ اجلاس
دیمتری پیسکوف نے کہا کہ روس کے حملے سے قبل برسوں سے مغربی ممالک ڈونباس پر گولہ باری کے حملے نظر انداز کرتے نظر آرہے تھے۔ اس وقت وہاں کوئی خصوصی فوجی آپریشن نہیں کیا جارہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کی جانب سے ڈونباس میں حملوں کے دوران جوانوں، خواتین اور بچوں کو قتل کیا گیا۔ بچوں کی قبروں کی قطاریں لگ گئیں جبکہ مغرب نے اس پر آنکھیں بند کی ہوئی تھیں۔
مغرب کی جانبداری کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ہم نے یورپ کی جانب سے ڈونباس پر گولہ باری کے معاملے میں مذمت کا ایک لفظ تک نہیں سنا۔ اب یورپ انسانی حقوق کی بات کر رہا ہے۔