اسلام آباد: پاکستان میں 5سال سے خدمات سرانجام دینے والے رومانیہ کے سفیر نکولائی گویا انتقال کر گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رومانیہ کے پاکستان میں سفیر نکولائی گویا نے طبیعت کی ناسازی کے باعث مدت پوری کرنے کے بعد بھی اپنے پاکستان میں قیام کی مدت میں توسیع کر لی تھی۔ ان کا انتقال اتوار کے روز اسلام آباد میں ہوا۔
بیلاروس کی کوششیں، روس مسلح بغاوت سے بچ گیا
پاکستان میں رومانیہ کیلئے پیشہ ورانہ خدمات کی انجام دہی کے دوران رومانیہ کے سفیر نکولائی گویا جسم میں سرطان کی موجودگی کی تشخیص کے بعد زیرِ علاج تھے۔ ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے تعزیت کا اظہار کیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ رومانیہ کے سفیر نکولائی گویا کو ان کے پاک رومانیہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے کردار کے باعث ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں آنجہانی سفیر کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔
دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ہم دعا کرتے ہیں کہ نکولائی گویا کی روح کو ابدی سکون عطا ہو۔ وزارتِ خارجہ کے حکام رومانیہ کے سفارت خانے سے رابطے میں ہیں اور میت کی رومانیہ واپسی کیلئے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر معروف شخصیات نے بھی پاکستان میں رومانیہ کے سفیر نکولائی گویا کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اہلِ خانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔