بھارت کے نامور موسیقار اے آر رحمان اچانک ایک بیماری کے باعث اسپتال میں داخل کردیے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مقبول میوزک کمپوزر اے آر رحمان کو اتوار کی صبح سینے میں درد کے باعث چنئی کے گریمس روڈ پر واقع ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق انہیں صبح 7:30 بجے کے قریب اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کے ای سی جی اور ایکو کارڈیوگرام سمیت مختلف ٹیسٹ کئے۔
اسپتال کے قریبی ذرائع نے عندیہ دیا ہے کہ ان کا انجیوگرام بھی ہوسکتا ہے۔ ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔
خیال رہے گزشتہ ماہ اے آر رحمان نے چنئی میں اپنے کنسرٹ میں برطانوی گلوکار ایڈ شیران کے ساتھ پرفارم کیا تھا۔ ایک ہفتہ بعد انہیں بالی ووڈ فلم چھاوا کے میوزک لانچنگ کے موقع پر بھی دیکھا گیا تھا۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اے آر رحمن کی سابقہ اہلیہ سائرہ بانو بھی حال ہی میں اچانک طبی مسئلہ کے باعث اسپتال میں داخل ہوئی تھیں۔ اسے سرجری کرنی پڑی۔ اس خبر کی تصدیق ان کے وکیل وندنا شاہ کی جانب سے کی گئی تھی۔
واضح رہے سائرہ بانو اور اے آر رحمان نے شادی کے تقریباً 29 سال بعد 19 نومبر 2024 کو علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔