اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کے فیصلے کے تحت کورونا ویکسین لگوانے کیلئے 19 سال سے زائد العمر افراد کی رجسٹریشن آج سے شروع کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ 19 سال سے زائد العمر افراد کی رجسٹریشن آج سے شروع کی جائے جبکہ یہ خوشخبری وزیرِ منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے سوشل میڈیا پیغام میں سنائی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرگزشتہ روز اپنے پیغام میں وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 19 سال اور اس سے زائد العمر افراد کی کورونا ویکسینیشن کیلئے رجسٹریشن 27 مئی سے شروع ہوگی۔
وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کے بیان کے مطابق آج سے رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور اب رجسٹریشن پاکستان کی پوری آبادی کیلئے کھلی ہے، عوام اپنے معالج سے مشورے کے بعد ویکسین ضرور لگوائیں۔
In today's NCOC meeting we decided to open up vaccination registration for all 19 years and above. This registration will start from tomorrow. So now registration will be open for the entire national population which is approved by health experts for covid vaccination
— Asad Umar (@Asad_Umar) May 26, 2021
یاد رہے کہ حال ہی میں قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کا خصوصی طیارہ چین سے سائنو ویک ویکسین کی 20 لاکھ خوراکیں لے کر پاکستان پہنچا تاکہ بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کیسز کی روک تھام عمل میں لائی جاسکے۔
چینی دارالحکومت بیجنگ سے قومی ائیر لائن کی خصوصی پرواز نمبر پی کے 6853 سائنو ویک کی 20 لاکھ خوراکوں کی کھیپ لے کر23 اور 24 مئی کی درمیانی شب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئی۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کا طیارہ ویکسین کی 20 لاکھ خوراکیں لے کر پاکستان پہنچ گیا
یاد رہے کہ پاکستان اس وقت کورونا وائرس کی تیسری خطرناک لہر سے مقابلہ کررہا ہے، جبکہ دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس بیماری کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنے والی چینی ویکسین کے خلاف منفی پروپیگنڈہ پھیلایا جارہا ہے۔
پاکستان میں یہ کوئی نئی بات نہیں ہے ، طبی ماہرین کی ایک بہت بڑی تعداد کورونا ویکسین کے حوالے سے شکوک و شبہات کا شکار ہے جبکہ ملک کو پہلے ہی کئی دہائیوں سے پولیو وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں: کسی ملک نے چینی سائینوفارما ویکسین پر پابندی نہیں لگائی، اہم انکشاف
قبل ازیں پاکستان میں کورونا کے 2 ہزار 7ٓ26 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 75 مزید شہری انتقال کر گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کورونا سے مجموعی طور پر 9 لاکھ 11 ہزار 302 افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس میں مبتلا 20 ہزار540 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
مزید پڑھیں: کورونا کے 2 ہزار 726 نئے کیسز رپورٹ، 75 مزید شہری جاں بحق