راولپنڈی کے تاجروں نے 8 مئی سے لاک ڈاؤن کی حکومتی کال کو مسترد کردیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

راولپنڈی کے تاجروں نے 8 مئی سے لاک ڈاؤن کی حکومتی کال کو مسترد کردیا
راولپنڈی کے تاجروں نے 8 مئی سے لاک ڈاؤن کی حکومتی کال کو مسترد کردیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

راولپنڈی: 8 مئی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کی کال کو تاجروں نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ 8 مئی کو کسی بھی صورت دکانیں بند نہیں کریں گے۔

ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تاجروں کا کہنا تھا کہ تاجر پہلے ہی پریشان ہیں اوپر سے قبل ازوقت لاک ڈاؤن ہماری سمجھ سے بالاتر ہے۔  بازاروں میں کم وقت کی وجہ سے خریداروں کا انتہائی رش ہے۔ رش کو کم کرنے کے لیے حکومت کو وقت بڑھانا چاہیے تھا نہ کہ وقت کم کیا جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سارا سال اس ماہ میں سب سے زیادہ کاروبار کرنا ہوتا ہے ہم نے گوداموں میں عید کے حوالے سے ڈھیروں خریداری کر رکھی ہے، اگر 8 مئی کو مکمل لاک ڈاؤن لگائیں گے تو ہمارا ناقابل تلافی نقصان ہو جائے گا، حالات پہلے ہی بہت خراب ہو چکے ہیں، بے روزگاری روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہی ہے۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ رش کم کرنے کے لیے وقت بڑھائے رات 12 بجے تک خریداری کی اجازت دیں تاکہ شہری سکون سے خریداری کر سکیں۔ اب چھ بجے دکانیں بند ہو جاتی ہیں اس دوران وباء پھیلنے کا زیادہ خطرہ ہے، ایس او پیز پر کوئی عمل درآمد نہیں ہو رہا، اس کے لیے حکومت کو بہترین حکمت عملی بنانی چاہیے تھی۔

کاروباری حالات کو متاثر ہونے سے بچایا جائے، دکانیں جلد بند ہونے سے ہمارے اخراجات بھی پورے نہیں ہورہے جبکہ ابھی تک پہلے نقصانات کا ازالہ نہیں ہوا اوپر سے یہ نیا حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت دکانیں بند کرانے کی بجائے 8 مئی کو ہمارے گلے اپنے ہاتھوں سے دبا دے، ہم کسی بھی صورت دکانیں 8 مئی کو بند نہیں کریں گے کیونکہ یہ فیصلہ جلد بازی اور قبل از وقت کیا گیا ہے ہم ایسے کسی فیصلے کو قبول نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، متعدد ہوٹل اور اسنوکر کلبز سیل

Related Posts