مسیح کی قیامت سے انسانیت کیلئے اُمید کا دروازہ کھل گیا، ریورنڈ رفعت زمرد

مقبول خبریں

کالمز

Munir-Ahmed-OPED-768x768-1-750x750
روسی کے قومی دن کی خوبصورت تقریب
The Israel-U.S. nexus for State Terrorism
اسرائیل امریکا گٹھ جوڑ: ریاستی دہشت گردی کا عالمی ایجنڈا
zia
کیا اسرائیل 2040ء تک باقی رہ سکے گا؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Rav Riffat Zamurad Easter message at St Philip & St James Church Groby Leicester
MM News

لیسٹر : 20 اپریل 2025ایسٹر سنڈے کے موقع پر پاکستانی نژاد برطانوی خاتون پادری ریورنڈ رفعت زمرد نے برطانیہ کے شہر لیسٹر میں واقع سینٹ فلپ اینڈ سینٹ جیمس چرچ میں روح پرور اور اُمیدافزا پیغام دیا، جس میں انہوں نے یسوع مسیح کے جی اُٹھنے کو انسانی تاریخ کا سب سے روشن لمحہ قرار دیا۔

ریورنڈ رفعت زمرد نے بائبل مقدس سے اعمال کی کتاب اور یوحنا کی انجیل کا حوالہ دیتے ہوئے مریم مگدلینی کی گواہی کو مرکزی نکتہ بنایا۔

انہوں نے کہا: ’’مریم مگدلینی وہ پہلی شخصیت تھی جس نے شاگردوں کو جا کر خوشخبری سنائی کہ اُس نے یسوع کو دیکھا ہے۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ یہی وہ لمحہ تھا جس کے بعد مسیح کی قیامت کے باعث انسانیت کے لیے ہمیشہ کے لیے اُمید کا دروازہ کھل گیا۔

ریورنڈ رفعت نے کہا کہ موجودہ دنیا ایک بار پھر اُمید کی تلاش میں ہے۔ کورونا وبا کے اثرات، مہنگائی کی لہر، اور یوکرین، غزہ و اسرائیل میں جاری خونی جنگوں نے دنیا کو مایوسی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ یہی نہیں، انفرادی زندگیوں میں بھی ایسے لمحات آتے ہیں جب انسان محبت، صحت، رشتے یا اعتماد کے کھو جانے سے اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر مریم مگدلینی کی مثال دی، جس نے مسیح کی موت کے بعد شدید رنج و غم میں بھی اُس کی تلاش نہ چھوڑی لیکن جیسے ہی یسوع نے اسے اُس کا نام لے کر پکارا، سارا اندھیرا چھٹ گیا۔ ریورنڈ رفعت نے کہا: ’’وہ ایک مردہ جسم کی تلاش میں تھی، مگر اُسے زندہ نجات دہندہ ملا۔‘‘

انہوں نے یسوع کی قیامت کو ایک نئی تخلیق اور نئے رشتوں کی بنیاد قرار دیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ محبت موت سے بھی زیادہ طاقتور ہے۔ ریورنڈ رفعت نے بائبل کے لفظ ’’اُمید‘‘ کی گہرائی پر روشنی ڈالی، جس کا مطلب محض خوش گمانی نہیں بلکہ ’’زندگی کو بدل دینے والا پختہ یقین‘‘ ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ دنیا کی ظالمانہ ناانصافی اور بے بسی میں ہمیں لگتا ہے کہ ہم بے اثر ہیں، مگر جو قوت یسوع کو موت سے زندہ کر سکتی ہے، وہی قوت آج بھی ہمارے اندر اور ہمارے اردگرد ایک نئی تخلیق برپا کر سکتی ہے۔ یہ وہ قوت ہے جو جبر یا زبردستی سے نہیں، بلکہ غیرمشروط اور بے مثال محبت کے ذریعے کام کرتی ہے۔ یہی وہ محبت ہے جو تاریخِ انسانیت کا رخ موڑ دیتی ہے۔

اگلا پوپ کون ہوگا، ایشیا سے کون امیدوار، ٹاپ 10 میں فیورٹ کون؟

انہوں نے کہا کہ صلیب پر خدا ہمارے ساتھ اور ہمارے لیے دُکھ اُٹھاتا ہے، تاکہ ہمیں نجات دے۔ یہی وہ نجات ہے جو ہمیں گناہوں کی معافی اور ابدی زندگی کا وعدہ دیتی ہے۔

ریورنڈ رفعت زمرد نے یہ بھی کہا کہ آج جب ہم خبروں میں یوکرین اور دیگر جنگ زدہ علاقوں کی لرزہ خیز تصاویر دیکھتے ہیں تو ہمیں وہ پہلا گڈ فرائیڈے یاد آتا ہے، جو درد، تکلیف اور قربانی سے بھرا ہوا تھا۔ مگر ایسٹر کا دن خوشی، فتح اور نئی زندگی کی نوید ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام اس دعا سے کیا کہ ہم سب کو ایسٹر کی یہ سچی اور زندہ اُمید حاصل ہو، ایک ایسی امید جو مہنگائی، جنگ، غم یا موت سے چھینی نہیں جا سکتی کیونکہ جیسا کہ بائبل مقدس میں لکھا ہے: ’’ہم ان سب باتوں میں اُس کے وسیلہ سے جو ہم سے محبت رکھتا ہے، غالب سے بھی بڑھ کر ہیںاور کوئی چیز ہمیں خدا کی اُس محبت سے جدا نہیں کر سکتی جو مسیح یسوع میں ہے۔‘‘

Related Posts