کراچی: سندھ رینجرز نے سالانہ رپورٹ جاری کردی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردی، قتل اور دیگر مختلف جرائم کے خلاف 2 ہزار سے زائد آپریشنز کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ رینجرز نے میڈیا نمائندگان کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ دہشت گردی ، قتل ، بھتہ خوری ، اقدام قتل ، اغواء برائے تاوان اور منشیات کے خلاف آپریشن کیے گئے۔ سال بھر میں 2292 آپریشنز کے دوران 4213 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ڈکیتی مزاحمت پر قتل این ای ڈی طالبِ علم بلال کا قاتل ہلاک
ترجمان سندھ رینجرز نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف 181 آپریشنز کے دوران 60 دہشت گرد گرفتار اور 11 سے جدید اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے 10 آپریشنز کیے گئے۔ 6 ٹارگٹ کلرز گرفتار ہوئے۔ بھتہ خوری کے خلاف 48 آپریشنز ہوئے۔
آپریشنز کے دوران 65 بھتہ خور گرفتار ہوئے۔ 64 عدد ہتھیار برآمد کئے گئے۔ ڈکیتوں کے خلاف 506 آپریشنز ہوئے۔ 725 ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے 406 سے اسلحہ برآمد کیا گیا۔ منشیات فروشوں کے خلاف 659 چھاپوں کے دوران 738 ملزمان گرفتار ہوئے۔
منشیات فروشوں سے 216 چھوٹے بڑے ہتھیار برآمد کئے گئے، غیر قانونی اسلحے کے خلاف 18 چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں اور 2 ملزمان گرفتار ہوئے۔ 1091 ہتھیار برآمد کئے گئے۔ سندھ رینجرز کی 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ 5 رینجرز جوان زخمی بھی ہوئے۔
پاکستان رینجرز سندھ کا کہنا ہے کہ اندرون سندھ میں منشیات فروشی کے خلاف آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 60,000.577 کلو گرام منشیات برآمد ہوئی۔جس میں 1969.16 کلو گرام حشیش، 128.703 کلو گرام ہیروئن، 133.914 کلو گرام آئس یا کرسٹل برآمد ہوئی۔
انسدادِ منشیات آپریشنز کے دوران 8.46 کلو گرام افیم، 6056 کلو گرام گٹکا اور 51705 کلو گرام چھالیہ بھی برآمد کیا گیا۔ مختلف کارروائیوں کے دوران 6ہائی پروفائل منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن بھی ہوئے۔
دورانِ آپریشن مجموعی طور پر 1719 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ جن میں سے 1056 افراد کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ 663 افراد کو بلوچستان حکومت کی مدد سے واپس اپنے ملک روانہ کردیا گیا۔ مختلف تہواروں اور مواقع پر فول پروف سیکیورٹی بھی فراہم کی گئی۔
رینجرز (سندھ) نے حالیہ سیلاب کے دوران بھر پور کردار ادا کیا اورمخیّر حضرات کے تعاون سے اندرون سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے خوراک، کمبل، کپڑے،2223.617ٹن اشیائے خوردونوش اور 240.813 ملین روپے بھی تقسیم کیے۔ رینجرز مددگار سیل میں 1 ہزار 580 شکایات موصول ہوئیں۔
شکایات کے ازالے کیلئے کارروائی کی گئی جس سے 1 ہزار 307 شکایات کا ازالہ ہوا جبکہ 17 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ امن و امان کے قیام کیلئے آپریشنز جاری و ساری رہیں گے۔ سالانہ کارکردگی رپورٹ کی تفصیل میڈیا کے سامنے رکھ دی گئی ہے۔