پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی گلی محلوں میں دستیاب مزیدار کھانوں کیلئے مشہور ہے جہاں دنیا جہان کے پکوان چند منٹ کی مسافت پر باآسانی دستیاب ہیں۔ خاص طور پر جب بات بریانی یا پلاؤ کی آئے تو شہرِ قائد کا کوئی ثانی نہیں۔
کراچی کے شہری کھانے میں پلاؤ بے حد پسند کرتے ہیں اور گزشتہ 7 دہائیوں سے خوبصورت مہک سے بھرپور پلاؤ مختلف انداز کے ساتھ شہرِ قائد کے باسیوں کو پیش کیا جارہا ہے جس کی اشتہا انگیز خوشبو کھانے کے رسیا افراد کو اپنی طرف کھینچ لیتی ہے۔
قیمہ پلاؤ اپنے نام کے اعتبار سے ایک الگ اور منفرد ڈش نظر آتی ہے کیونکہ عام طور پر کراچی کے گلی کوچوں میں چکن پلاؤ آسانی سے دستیاب ہوتا ہے تاہم قیمہ پلاؤ شاذ و نادر ہی نظر آتا ہے جبکہ الرحمان بریانی کا قیمہ پلاؤ بہت مزیدار سمجھا جاتاہے۔
یہ مزیدار قیمہ پلاؤ محمود آباد نمبر 6 کے علاقے میں دستیاب ہے جو بلا مبالغہ ایسی ڈش کہی جاسکتی ہے جو مکمل طور پر گھریلو اور ذائقے میں لذیذ ہو اور جسے خریدنا جیب پر بھاری نہ پڑے۔اس میں زیادہ مصالحہ استعمال نہیں ہوتا، پھر بھی یہ چٹپٹا ہے۔
آج کل مہنگائی کا دور دورہ ہے اور زیادہ تر علاقوں میں پلاؤ کی پلیٹ 100 روپے سے کم میں دستیاب نہیں تاہم محمود آباد نمبر 6 میں قیمہ پلاؤ صرف 70 روپے فی پلیٹ میں دستیاب ہے جس میں متوازن مصالحہ جات کا استعمال بھوک کو تیز کرنے کے کام آتا ہے۔