جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما، امیر ضلع کیماڑی قاری محمد عثمان نے جمعیت علماء اسلام ضلع کیماڑی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری، سابق ایم پی اے سندھ اسمبلی حافظ محمد نعیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ محمد نعیم جمعیت علماء اسلام کا عظیم سرمایہ تھے۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی اسلام کی سربلندی، بلا تفریق انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حافظ محمد نعیم بے سہارا مظلوم غریب اور مفلوک الحال افراد کاسہارا اور حق کی آواز تھے۔ حافظ محمد نعیم کے دنیا سے رخصت ہوجانے سے جماعتی ماحول اور عام لوگوں میں جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پر ہونا مشکل ہے۔ جمعیت علمائے اسلام ایک عوامی فلاحی شخصیت سے محروم ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں:
وفاقی وزیر مذہبی امور کا جامعہ نعیمیہ لاہور کا دورہ
اپنے تعزیتی بیان میں قاری عثمان نے کہا کہ حافظ محمد نعیم انتہائی فعال و متحرک رہنما ہونے کے ساتھ عوامی خدمت گار بھی تھے۔ آج اپنے ایک اور فکری و نظریاتی بھائی سے محروم ہوگیا ہوں۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ حافظ محمد نعیم نے جمعیت علماء اسلام کے پلیٹ فارم سے انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے جو گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
قاری محمد عثمان نے چکیسر شانگلہ سے حافظ محمد نعیم کے صاحبزادے حبیب خان، بڑے بھائی حاجی محمد رفیق اور ضلعی جماعتی عہدیداران سےفون پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حافظ محمد نعیم کاصدمہ ان کے خاندان ہی کا نہیں پوری جمعیت علماء اسلام اور ان ہزاروں بے سہارا مظلوم افراد کا ہے جن کا وہ سہارا تھے۔
انہوں نے کہا کہ بلاتفریق انسانیت کی خدمت، دینی و فلاحی ادارے حافظ محمد نعیم کیلئے صدقہ جاریہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ حافظ محمد نعیم کی کروٹ کروٹ مغفرت فرمائے۔ جنت الفردوس میں اعلی مقام اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔