53 سال قرآن کریم کی خدمت کرنے والے قاری فضل الٰہی چترالی انتقال کر گئے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

53 سال قرآن کریم کی خدمت کرنے والے قاری فضل الٰہی چترالی انتقال کر گئے
53 سال قرآن کریم کی خدمت کرنے والے قاری فضل الٰہی چترالی انتقال کر گئے

کراچی: کینیا میں حفظ قرآن کے حلقات کی بنیاد رکھنے والے بزرگ پاکستانی خادم قرآن مولانا قاری فضل الٰہی 87 سال کی عمر میں کینیا کے دار الحکومت نیروبی میں انتقال کر گئے۔

مرحوم قاری فضل الٰہی سابق ریاست چترال کے دوران سرشجاع الملک کے دور حکومت میں 1934ء میں موڑکہو چترال میں پیدا ہوئے۔ چترال، پشاور، ایبٹ آباد اور لاہور میں ابتدائی دینی تعلیم اور حفظ قرآن و قرات سبعہ کی تکمیل کی۔

1968ء میں لاہور میں اپنے استاذ شیخ القرا قاری محمد شریف کے مدرسہ دار القرآن ماڈل ٹاؤن میں پڑھنے پڑھانے لگے۔ 1971ء میں قاری محمد شریف نے انہیں مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد شفیع کی خواہش پر دار العلوم کراچی بھیج دیا اور چار سال تک دار العلوم کراچی میں قراء ت پڑھاتے رہے۔

قاری فضل الٰہی 1974ء میں عمرہ کے لیے سعودی عرب چلے گئے، جہاں مدینہ منورہ میں دوران قیام انہوں نے خواب دیکھا جس میں آپ کو حکم دیا گیا کہ افریقی ملک کینیا چلے جائیں، وہاں قرآن کی تعلیم کی اشد ضرورت ہے، چنانچہ قاری فضل الٰہی سعودیہ سے ہی افریقہ چلے گئے۔

تین ماہ تک مختلف مساجد میں قرآن پڑھانے کی اجازت مانگتے رہے، بالآخر اجازت ملنے پر کینیا کے شہر اوسلو میں پڑھانا شروع کیا۔ اس وقت تک وہاں کوئی ادارہ نہیں تھا، آج قاری صاحب کی محنت سے کینیا میں تین سو سے زائد قرآن کریم کے مدارس ہیں۔

مرحوم شیخ التفسیر مولانا احمد علی لاہوری سے بیعت تھے اور ان کی مجالس میں دلجمعی سے شرکت کرتے تھے۔ قاری فضل الٰہی مرحوم رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے مبعوث تھے اور ریٹائر منٹ کے بعد ان کی گرانقدر خدمات کی وجہ سے رابطہ عالم اسلامی نے انہیں رکن بنا دیا تھا۔

مزید پڑھیں: پوٹھوہاری زبان میں قرآن کریم کا ترجمہ مکمل کرکے بہت خوش ہوں، راجہ شریف

مرحوم کے انتقال پر چترال کی معروف دینی و سماجی شخصیت قاری فیض اللہ چترالی، قاری حبیب اللہ، مفتی نعمت اللہ، مولانا شفیع چترالی، مفتی معراج حسین، قاری شمس النبی و دیگر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ قاری فضل الٰہی کی دین اور قرآن کریم کیلئے کی گئی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

Related Posts