لاہور: وزیر اعظم کے مشیر برائے امورِ کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ملکی حالات خرابی کی طرف بڑھ رہے ہیں، الزامات کی سیاست سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پی پی پی کارکن مانی پہلوان کی رسمِ قل میں شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے باہر ہونے والا واقعہ افسوسناک تھا۔
وزیر خارجہ کی یورپی یونین کے عہدیداران سے ملاقات، سیلاب زدگان کی امداد پر اظہارِ تشکر
میڈیا سے گفتگو کے دوران قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جمہوریت بات چیت اور برداشت سے چلتی ہے، ڈیڈ لاک سے نہیں۔ ملکی اداروں اور مخالفین پر الزامات سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں۔
گفتگو کے دوران قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وزیر آباد کے واقعے کی تفتیش پنجاب پولیس کو کرنی ہے، جے آئی ٹی بنائی جانی چاہئے۔ جب تک ادارے اور افراد ان کو سپورٹ کر رہے تھے، سب ٹھیک تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل تحریکِ انصاف کے کارکنان نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر حملے کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا، لاہور میں گورنر ہاؤس کے باہر ٹائر بھی جلا دئیے گئے۔
ملک گیر احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے مابین کچھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔ متعدد مقامات پر مظاہرین نے آنسو گیس اور شیلنگ کا سامنا کرتے ہوئے حکومت مخالف نعرے بازی بھی کی۔