لاہور: پنجاب پولیس کی جانب سے شہریوں کو معلومات کی فراہمی کیلئے شروع کردہ پنجاب پولیس واٹس ایپ سروس ریلیز کے ساتھ ہی مقبول ہوگئی ہے اورنئی شروع کردہ پنجاب پولیس واٹس ایپ سروس پر پہلے دن ایک لاکھ سے زائد لوگوں نے رابطہ کیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اوور سیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی پنجاب پولیس واٹس ایپ سروس پر رابطہ کیا ہے اور امید ہے کہ آئندہ دنوں میں انکی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے منگل کے روز پنجاب پولیس واٹس ایپ سروسز اورآن لائن کمپلین مینیجمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا تھا۔
پنجاب پولیس کا واٹس ایپ نمبر 03317871787 ہے جس پر کوئی بھی شہری کسی بھی وقت رابطہ کرسکتا ہے۔
پنجاب پولیس کی جانب سے جو خدمات پیش کی گئی ہیں اُن میں جی پی شکایت سیل، صنفی ہراساں کرنے کی شکایات، پولیس سروس سینٹر کی خدمات، جرائم کی رپورٹس، زینب الرٹ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سہولیات، گھریلو ملازمین کے کرمنل ریکارڈ کی تصدیق، اور سٹیزن پورٹل شامل ہیں۔