ہنگو:قومی اسمبلی کے حلقہ 33 ہنگو میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ندیم خیال نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی۔
ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری ہونے والے مکمل سرکاری نتیجہ کے مطابق این اے 33 ضلع ہنگو الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے ندیم خیال نے 20772، جے یو آئی (ف) کے مفتی عبید اللہ 18244 ووٹ حاصل کئے ہیں، اے این پی کے سید عمر 3314 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پربراجمان ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے اس سے قبل ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ریٹرننگ افسر اور سکیورٹی کے افسران کو چوکس رہنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ تمام پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز پر نتائج کی کاپی فراہم کی جائے۔
ہنگو میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ آج صبح شروع ہوئی اور پولنگ کا عمل شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ اے این پی، جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے امیدواروں میں کے درمیان مقابلہ ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق این اے 33 ہنگو کی خالی نشست پر پولنگ پرامن طور پر جاری ہے۔ الیکشن کمیشن مرکزی کنٹرول روم سے صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے برطرف کردیا گیا