اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم شہباز شریف اوردیگر وزراء کی مبینہ آڈیو لیکس کے معاملے کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی اور دیگر ممبران کو فریق بنایا گیا ہے جبکہ درخواست کے ساتھ مبینہ آڈیو لیکس کی ٹرانسکرپٹ بھی لگائی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آڈیو لیکس میں موجودہ حکومت کی بدنیتی واضح ہے، شہباز شریف اور دیگر وزرا نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے ، آڈیو لیکس کی انکوائری کرکے شہباز شریف اور کابینہ کے خلاف کرمنل کارروائی کی جائے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ آڈیو لیکس میں درخواست گزارکو سیاست سے دور رکھنے کے لیے سازش کی گئی، ان آڈیو لیکس میں ایک مجرمانہ سازش کے تحت درخواست گزارکو ٹارگٹ کیا گیا، آڈیو لیکس کو وزیر اعظم اور وزیرداخلہ تسلیم کرچکے ہیں۔
خواجہ آصف کیخلاف ہرجانے کا کیس، عمران خان پر دوسری مرتبہ جرمانہ عائد
درخواست میں رانا ثنااللہ، اعظم نذیر تارڑ اور ایاز صادق کے خلاف فوجداری کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے پلاننگ سے منظور نہیں کیے گئے، استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سے متعلق زیرالتواکیس کے ساتھ یہ درخواست منسلک کی جائے، انکوائری کمیشن وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سے انکوائری کرے جب کہ اعظم نذیر تارڑ، خواجہ آصف، احسن اقبال، ایاز صادق اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی انکوائری کی جائے۔
پی ٹی آئی نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ نئی صورتحال پیدا ہونے سے قبل عدالت سے استدعا ہے کہ وہ جوڈیشل نوٹس لے۔