اسلام آباد: حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے وزیر خزانہ شوکت ترین کو سینیٹر منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے شوکت ترین کو بطور سینیٹر منتخب کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر خزانہ کی خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی نشست پر منتخب ہونے کی توقع ہے۔
وزیر خزانہ کا اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ”سینیٹ انتخابات کے حوالے سے اچھی خبر کل تک مل جائے گی۔” شوکت ترین پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔
یاد رہے کہ اگر شوکت ترین آئندہ دو ہفتوں میں سنیٹر نہیں بنتے تو وزارت سے ہاتھ دھونے پڑیں گے۔ قانون کے مطابق شوکت ترین بغیر منتخب ہوئے صرف چھ ماہ ہی وفاقی وزیر رہ سکتے ہیں انکی یہ مدت 16 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔
خیال رہے کہ شوکت ترین کو 16 اپریل کو وزیراعظم عمران خان نے حماد اظہر کی جگہ وزیر خزانہ تعینات کیا تھا۔ اگر وہ اگلے دو ہفتوں تک سنیٹر نہیں بنتے تو انہوں وزارت چھوڑنی پڑے گی تاہم انہیں مشیر خزانہ یا معاون خصوصی تعینات کیا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل اپنی قسمت کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ وہ کہیں نہیں جا رہے کیونکہ انہیں پورا یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان انہیں سینیٹر منتخب کریں گے۔
مزید پڑھیں: آئی ایم ایف نے آٹا، گھی، دال، چاول، گیس اور بجلی پر سبسڈی ختم کرنیکا مطالبہ کردیا