اسلام آباد: تحریکِ انصاف کے سینیٹرز نے ایوانِ بالا میں مسلم لیگ (ن) کی زیر قیادت وفاقی حکومت سے پاکستان کے اسرائیل کے ساتھ مبینہ تعلقات پر وضاحت طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریکِ انصاف کے سینیٹر محسن عزیز نے سینیٹ اجلاس کے دوران کہا کہ پاکستان مقبوضہ فلسطین کے عوام کے ساتھ ہے، اسرائیل کے خلاف پاکستان کا مؤقف اصولی ہے۔ ہم اسرائیل کو قوم کے طور پر تسلیم نہیں کرتے۔
جے یو آئی شیرانی کی اسرائیل سے مبینہ تجارت پر پی ڈی ایم پر تنقید
پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ پاکستان کے اسرائیل سے کوئی تجارتی یا سفارتی تعلقات نہیں جس پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو اپنا مؤقف واضح کرنا ہوگا۔ حکومت سینیٹ میں واضح پالیسی جاری کرے۔
حال ہی میں پاکستانی نژاد یہودی تاجر نے اسرائیل کو برآمد کیے گئے سامان کی ویڈیو شیئر کی تھی۔ فشیل بن خالد کی ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان نے خوردنی اشیاء کی پہلی کھیپ اسرائیل کی منڈی میں برآمد کی ہے۔
تحریکِ انصاف کا کہنا ہے کہ حکومت ایوانِ بالا میں پالیسی بیان جاری کرے کہ ہم نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی و تجارتی تعلقات نہ ہونے کے باوصف تجارت شروع کردی ہے۔ سینیٹر محسن عزیز نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل سے مبینہ تجارت بند کی جائے۔
سینیٹر محسن عزیز کا کہنا تھا کہ قوم اسرائیل کے خلاف پاکستان کے اصولی مؤقف میں کوئی نرمی برداشت نہیں کرے گی۔ براہِ راست تجارت نہ ہونے کے باوجود پاکستانی مصنوعات اسرائیل پہنچی ضرور ہیں۔ یہ تجارت بند کی جانی چاہئے۔